۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا سید احمد رضا الحسینی

حوزہ/ آج سے بارہ سال پہلے غدیر کا دن تھا ہر طرف جشن کا سماں تھا ولایت کے متوالے جگہ جگہ چراغاں کئے ہوئے تھے اور آل محمد علیہم السلام کی ولادت باسعادت یا غدیر کے موقع پر اپنی خوشیوں کو بھی شامل کرکے خیر و برکت کو حاصل کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی| آج سے بارہ سال پہلے غدیر کا دن تھا ہر طرف جشن کا سماں تھا ولایت کے متوالے جگہ جگہ چراغاں کئے ہوئے تھے اور آل محمد علیہم السلام کی ولادت باسعادت یا غدیر کے موقع پر اپنی خوشیوں کو بھی شامل کرکے خیر و برکت کو حاصل کرتے ہیں۔

اسی اصول کے تحت برادر علام اور استاد بزرگوار حضرت علامہ سید تقی الحیدری صاحب قبلہ طاب ثراہ و رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنے بڑے فرزند سید محمد طارق حیدری کی شادی کی تاریخ ۱۸,ذی الحجہ روز غدیر رکھی۔بارات فیض آباد سے لکھنؤ آئی۔ اعزاء واقارب اور احباب نے شرکت کی۔شب میں عقد ہوا اور صبح کی نماز کے بعد فیض آباد کے لئے واپسی تھی نماز صبح کے بعد ہم سب علامہ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور آپ کی دلچسپ اور ذہانت سے پر باتوں کو کمال شوق سے سن رہے تھے۔اسی درمیان مجھ سے کہا کہ لوگوں کوبس پر بٹھاؤ تاکہ جلد سے جلد فیض آباد پہونچ کر وہیں ناشتہ کیا جائے۔میں نے عزیزی مولانا محفوظ اور مولانا داؤد حیدر پپو صاحبان سے کہا کہ باراتیوں سے کہیں کہ بس میں سوار ہو جائیں ناشتہ فیض آباد میں ہوگا۔

اس کام کے لئے کچھ آگے بڑھے کہ ہمارے بھائیوں کی بلند آواز کے ساتھ تقی بھائی کی آواز سنی۔کچھ عجیب سالگا پلٹ کر وہاں آیا تو دیکھا کہ سخت قلبی دورہ پڑا ہے۔فوراً ہی گاڑی میں لیکر نزدیک کے نرسنگ ہوم پہنچے، مگر کچھ کام نہ آیا اور ہم لوگ شفیق بھائی بہترین عالم و خطیب اور عبادت گزار سے بچھڑ گئے۔

جس گاڑی میں علامہ طاب ثراہ اپنے بیٹے کی بارات لیکر گئے تھے اسی گاڑی میں تمام باراتی علامہ مرحوم کا جنازہ لیکر فیض آباد آئے۔

علامہ مرحوم نے اپنی رحلت کے لئے ایسے دن کا انتخاب کیا کہ افسوس تو ہوا مگر غم نہ کیا جاسکا۔ہمیشہ مصروف مجالس و محافل رہتے تھے لہذا غدیر کے دن پیش مولا ع ذکر مولا ع کا انتخاب کیا۔

علامہ مرحوم اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، ایک ادارہ اور ایک مشن تھے۔آج بھی لاکھوں دلوں میں بستے ہیں۔آپ کے ہزاروں شاگرد ،احباب ،علماء اور مومنین آپ کو دنیا کے مختلف خطے میں یاد کرتے رہتے ہیں۔

آج اس علمی شخصیت کی یاد میں علامہ مرحوم کے فرزندوں کی جانب سے ایک مجلس مدرسہ میں منعقد کی جائے گی اور آپ تمام علماء، خطباء، فضلاء، تلامذہ و طلاب و مؤمنین سے سورۂ فاتحہ کی گزارش ہے۔

سید احمد رضا الحسینی

مدیر اعلیٰ اسلامک مشن

ٹورنٹو۔ کینیڈا

تبصرہ ارسال

You are replying to: .